کولکاتہ،19نومبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین کے چیف اور مسلمانوں کی بے باک آواز کہے جانے والے اسد الدین اویسی مغربی بنگال کی وزیر اعلی اور ترنمول کانگریس چیف ممتا بنرجی کے نشانے پر آ گئے ہیں۔ممتا بنرجی نے پارٹی کارکنوں کے ساتھ ایک اجلاس میں اویسی کی پارٹی کا نام لئے بغیر کہا کہ میں دیکھ رہی ہوں کہ اقلیتوں کے درمیان کئی بنیادپرست ہیں،ان کا ٹھکانہ حیدرآباد میں ہے،یہ لوگ بی جے پی کی’بی‘ ٹیم ہیں۔ممتا بنرجی نے بی جے پی سے مقابلے کے لئے اپنی حکمت عملی میں بڑی تبدیلی کی ہے۔انہوں نے اپنے سیاسی زندگی میں پہلی بار اقلیتی تعصب کا ذکر کیا ہے اور لوگوں کو اس کے خلاف آگاہ کیا ہے۔ممتا نے کوچ بہار میں پارٹی کارکنوں کے ساتھ ایک اجلاس میں کہاکہ میں دیکھ رہی ہوں کہ اقلیتوں کے درمیان کئی بنیادپرست ہیں، ان کا ٹھکانہ حیدرآباد میں ہے،آپ لوگ ان پر توجہ نہ دیں،یہ لوگ بی جے پی کی بی ٹیم ہیں۔ بی جے پی سے مقابلے کے لئے اسے ممتا کی حکمت عملی میں بڑی تبدیلی مانا جا رہا ہے۔
بنگال میں بی جے پی صدر دلیپ گھوش نے ممتا کے بیان کو لے کر کہا ہے کہ ممتا بنرجی کو ڈر لگ رہا ہے،اقلیتوں کی سیاست خاص طور پر مسلمانوں کی تقسیم کی سیاست ان پر بھاری پڑ رہی ہے۔ہندو مسلمان کی سیاست کرکے انہوں نے بہت نقصان کیا ہے۔بتا دیں کہ ممتا بنرجی کا یہ بیان ایسے وقت آیا ہے جب اویسی نے صاف کیا ہے کہ بنگال اسمبلی انتخابات میں ان کی پارٹی اپنے امیدوار اتارے گی۔